پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی، لانگ مارچ پیر کو جہلم پہنچے گا

دینہ: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی، لانگ مارچ پیر کے روز جہلم پہنچے گا، جادہ کے مقام پر چیئرمین پی ٹی آئی شرکاء سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے شیڈول میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی گئی، لانگ مارچ اتوار کی بجائے اب پیر کے روز جہلم پہنچے گا، جادہ کے مقام پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان شرکاء سے خطاب کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پیر کی رات سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے مہمان ہوں گے اور منگل کی صبح دینہ سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہو گا۔
مرکزی قیادت کے فیصلوں کے مطابق حلقہ این اے 60 اور حلقہ این اے 61 کے علاقوں سے سابق وفاقی وز یر چوہدری فواد حسین کی زیرنگرانی عوام کا بہت بڑا جم غفیر، چیئرمین عمران خان کی قیادت میں آنے والے آزاد ی مارچ کا بھر پور اورشانداراستقبال کریں گے۔
اس سلسلہ میں چوہدری فواد حسین نے دونوں قومی، تینوں صوبائی حلقوں میں اپنے ووٹرز سپورٹرز سے رابطہ مہم مکمل کر لی ہے، فواد حسین چوہدری کی عوام رابطہ مہم کو موثر اور جاندار بنانے کیلئے چوہدری ظفر اقبال ایم پی اے، راجہ یاور کمال خان ایم پی اے، ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری غلام احمد زمرد، جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین، چوہدری زاہد اختر، سابق ناظم فوق شیرباز، معروف قانون دان چوہدری فیصل فرید پوری طرح متحرک ہیں۔
ضلعی صدر پی ٹی آئی چوہدری غلام احمد زمرد کی زیر قیادت آزادی مارچ کے استقبال کیلئے قرب و جوار سے آنے والے ہزاروں افراد کے قیام کو معقول اور تمام تر آسائشوں سے مزین کرنے کیلئے بھر پور انتظامات کر چکے ہیں اور متعدد جگہوں پر آزادی مارچ میں شرکت کرنے کے لئے آنے والوں کیلئے خصوصی کیمپ لگا کران کے قیام وطعام کا پورا بندوبست بھی کیا جائے گا۔
ان تمام امور کی نگرانی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین اور ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین خود کر رہے ہیں۔
عوام رابطہ مہم کے دوران متعدد مقامات پر الگ الگ جلسوں و کارنرز میٹنگز سے پی ٹی آئی کے قائدین نے خطاب کیا اور کہا کہ لاہور سے شروع ہونے والے آزادی مارچ میں عوام کی بھر پور شرکت سے امپورٹڈ حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں، انہو ں نے کہا کہ عمران خان کو جس قدر بھی دبانے کی کوشش کی گئی وہ اسی طرح زیادہ قوت کیساتھ عوام کے اندر مقبولیت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا لانگ مارچ روکنے کا ہر منصوبہ بری طرح ناکام ہوگا اور جس طرح عوام پنجا ب کے شہروں میں جوش وخروش کے ساتھ عمران خان کے قافلے میں شامل ہوکر راولپنڈی اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، ان کی آمد کے موقع پر حکمرانوں کیلئے اقتدار میں ٹھہرنا مشکل ہوجائے گا اور بلاآخر حکمرانو ں کو انتخابات کا اعلان کرنا پڑے گا۔