دینہ میں شدید طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، پانی لو گوں کے گھروں میں داخل

دینہ میں شدید طوفانی بارش سے تباہی مچ گئی ، کئی کئی فٹ پانی لو گوں کے گھروں میں داخل ، ہر طرف تالاب کا منظر ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ، پانی سے میونسپل کمیٹی دینہ اورگورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بھی ڈوب گئے ، گورنمنٹ میانہ محلہ سکول کی دیوار بھی گر گئی ،غریب محنت کش کی کار پانی میں بہہ گئی ، لوگ رات جاگتے رہے اور گھروں کا سامان بچانے میں مصرو ف رہے ، ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد بشیر بھی مدد کے لیے پہنچ گئے ، ہر ممکن اقدامات کی ہدایت جاری کیں ، مشینوں کے ذریعے نیو جھنگ اور دیگر مقامات سے پانی کو نکالنے کی کو شش کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ اور گردو نواح میں مون سون کی پہلی بارش نے تباہی مچا دی ، دینہ کے ملحقہ کئی دیہات زیر آب آگئے ، شدید بارش کے باعث نیو جھنگ ، ہڈالہ سیداں ، اقبال ٹاؤن ، لیاقت ٹاؤن، میانہ محلہ سمیت درجنوں علاقوں میں تباہی مچ گئی ، کئی کئی فٹ پانی لو گوں کے گھروں اور دوکانوں میں داخل ہو گیا ، جس سے ہر طرف افرا تفری مچ گئی۔
لو گوں کے گھروں میں پانی داخل ہو نے سے گھروں کا سامان خراب ہو گیا ، صوفی ابراہیم کی بیٹی کے جہیز کا سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہو گیا ، شدید بارش کی وجہ سے لوگ رات بھر جاگتے رہے اور اپنے گھروں کا سامان بچانے کی کو شش میں مصروف رہے ، اسی طرح دینہ شہر کو بچانے والی میونسپل کمیٹی بھی نہ بچ سکی۔
کئی کئی فٹ پانی اندر داخل ہو گیا جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں داخل ہو نے سے سکول کا فر نیچر پانی میں ڈوب گیا ، میانہ محلہ گورنمنٹ سکول کی دیوار بھی گر گئی جبکہ نیو جھنگ کے رہائشی محنت کش کی کار پانی میں بہہ گئی ، منگلا روڈ ، نیو جھنگ اور ہڈالہ کے مقام پر مکمل طور پر بند ہو گئی ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ بھی موقع پر پہنچ گئے اور ہر ممکن اقدامات کی ہدایت جاری کیںجبکہ منگلا روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں نالوں کی تعمیر نہ ہو نے کی وجہ سے پانی لو گوں کے گھروں میں داخل ہوا ، شہریوں کا ٹھیکیدار کے خلاف شدید احتجاج۔