حج کا موقع ہے، مخلوق میں اجتماعیت بڑی بنیادی شئے ہے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

0 16

دینہ: حج کا موقع ہے،مخلوق میں اجتماعیت بڑی بنیادی شئے ہے۔ ایک تکبیر پر لاکھوں لوگوں کا لبیک کہنا اتنی بڑی مرکزیت کسی قوم کے پاس نہیں ہے یہ اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے۔اللہ کریم کا احسان ہے کہ ہمیں مرکزیت عطا فرمائی۔

ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیت اللہ شریف میں حج کے موقع پر انسانیت کے لیے اُمت کے لیے دعائیں ہو رہی ہیں۔اس وقت امت مسلمہ کو دعاؤں کے ساتھ عملی صورت کوبھی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔اللہ کریم اسی طرح امت مسلمہ کو اتحادو اتفاق عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام محبت،یگانگت اور امن کا درس دیتا ہے۔حج کے موقع پر بندہ وہی لباس پہن کر جو دنیا سے جاتے وقت اس کو نصیب ہونا ہے دو سفید کپڑے امیر ہے یا غریب،پڑھا لکھا ہے یا ان پڑھ اپنے سوٹ بوٹ،ٹائی،واسکٹ پگڑی ہر چیز سے بے نیاز ہو کر اللہ کے حضور حاضر ہوتا ہے اور پکارتا ہے کہ اے اللہ میں حاضرہوں جو کچھ پیچھے ہو گزرا اُس کی معافی چاہتا ہوں آئندہ نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ حج کے بعد بندہ ایسا ہو جاتا ہے جیسے ابھی دنیا میں پیدا ہوا ہے اس طرح گناہوں سے پاک ہو جاتا ہے۔اللہ کریم کے سامنے ہتھیار ڈال دینے کا نام حج ہے۔اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کر دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر ساری دنیا کو یہ سبق جاتا ہے کہ اسلام اتحاد اور امن کو پسند کرتا ہے۔قرآن کریم کی ایک ایک آیت میں اتنی برکات ہیں کہ اگر اس پر عمل کیا جائے تو زندگی اور آخرت دونوں کی کامیابی اس میں موجود ہے۔ اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں اور امت مسلمہ کو حج کے اس اجتماع کی طرح اتفاق و اتحاد عطاء فرمائیں۔

آخر میں انہوں نے تمام حجاج کرام کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.