غلہ منڈی دینہ کی 4 ماہ میں بننے والی کروڑوں روپے کی روڈ 2 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکی

دینہ: جی ٹی روڈ پر واقع غلہ منڈی کی 4 ماہ میں بننے والی کروڑوں روپے کی روڈ 2 سال گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکی، ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے ناقص مٹیریل کا استعمال روڈ کے ساتھ بننے والے نالے بننے سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، تاجروں کا شدید احتجاج، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اعلی احکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق دینہ جی ٹی روڈ پر واقع غلہ منڈی کی مین روڈ کی تعمیر 2 سال قبل شروع کی گئی تھی جس کو 4ماہ میں مکمل کرنا تھا مگر ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے کام کی رفتار انتہائی سست روی کا شکار رہا۔
غلہ منڈی کی روڈ تو تعمیر کر دی گئی مگر روڈ کے ساتھ بننے والے نالوں میں ناقص مٹیریل کا کام دھڑلے سے جاری جو جگہ جگہ سے نالے بننے سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور بعض جگہوں پر نالوں کے ساتھ بننے والی روڈ بھی بیٹھ گئی، ٹھیکیدار کو متعدد بار نشاندہی بھی کروائی گئی مگر ٹھیکیدار کو ئی توجہ نہیں دے رہا۔
غلہ منڈی کے تاجروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر اعلی احکام سے اپیل کی ہے کہ کروڑوں روپے خرچ کر کے بننے والی روڈ جو وقت سے پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اس کا فی الفور نوٹس لے کر انکوائری کروائی جائے۔