منشیات زہر قاتل ہے جو نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے۔ ایس ایچ او دینہ محمد عمران

دینہ میں پولیس کی طرف سے انسداد منشیات آگاہی مہم کے حوالے سے واک کا اہتمام کیا گیا، شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح دینہ میں بھی پولیس کی طرف سے انسداد منشیات آگاہی مہم کے حوالے سے ایک واک کا اہتمام کیا گیا واک میں پولیس سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بینر اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ دینہ محمد عمران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازار اور شہر کی عوام کو مطلع کرنا ہے کہ منشیات ایک ایسا زہر قاتل ہے جو آپ کی نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے، عوام پولیس کا ساتھ دے کر منشیات کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے، منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں پولیس اس کا نام خفیہ رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور منشیات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
ایس ایچ او محمد عمران نے کہا کہ میری شہریوں سے اپیل ہے کہ منشیات کے خلاف آواز اٹھائیں اور بھر پور طریقے سے اس کی نشاندہی کریں، پولیس اس کے خلاف بھر پور کارروائی کرے گی، اس میں کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہمیں اپنی آنے والی نسل کو تباہی سے بچانا ہے اور منشیات سے چھٹکارا دلوانا ہے ۔