دینہ میں نامعلوم افراد نے 25 سالہ نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا

دینہ کے نواحی علاقہ میں قتل کی لرزہ خیز واردات ، نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 25سالہ نوجوان کو قتل کر دیا، ملزمان فرار، لوگوں نے لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی، رپورٹ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے نواحی علاقہ تھانہ منگلا کی حدود نکودر کے قریب بروالی میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 25سالہ نوجوان تصدق حسین ولد بشیر حسین سکنہ بروالی کو قتل کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ نوجوان گزشتہ رات 9بجے کے قریب گھر سے دوستوں کو ملنے کے لیے گیا مگر واپس نہ آیا ، ہفتہ کے روز صبح گاؤں کے قریبی لوگوں نے ویرانے میں پڑی لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر میاں جبار ایس ایچ او تھانہ منگلا سمیت پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ، لاش کو قبضہ میں لے کر کاروائی شروع کر دی۔
نوجوان کے والد بشیر حسین نے بتایا کہ ہماری کسی کے ساتھ کو ئی دشمنی نہیں، پتہ نہیں کس نے میرے بیٹے کو قتل کیا، میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے انصاف کیا جائے ۔