دینہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں رک نہ سکیں، نامعلوم چور 2 دوکانوں کا صفایا کر گئے

دینہ میں آئے روز چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں رک نہ سکیں، ایک ہی رات میں منگلا روڈ سے 2دوکانوں کا صفایا، لاکھوں کی نقدی اور سامان لے اڑے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔ گزشتہ رات نامعلوم چوروں نے ایک ہی رات میں 2 دوکانوں کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لے اڑے۔
منگلا روڈ دینہ پر واقع شیخ شہباز ولد شیخ نعیم احمد سکنہ داتا روڈ دینہ کی دوکان النعیم موبائل کی دوکان میں چھت کے ذریعے داخل ہو کر رات کی تاریکی میں 5 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون اور دیگر اشیاء اور ایک لاکھ کی نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔
اس کے ساتھ ہی واقع باٹا شوز کی دوکان راجہ نعیم افضل ولد محمد افضل سکنہ محلہ اسلام پورہ کی دوکان میں اسی طرح داخل ہو گئے اور دوکان میں پڑے 2 لاکھ 7 ہزار کی نقدی ، ایک لاکھ 20 ہزار کے جوتوں کے 45 جوڑے اور 2 عدد دوکان میں پڑے دعوت اسلامی کے گلے جن میں ہزاروں روپے پڑے ہوئے تھے نکال کر لے گئے۔
یاد رہے کہ دونوں دوکانوں پر چند ماہ پہلے بھی وارداتیں ہو چکی ہیں جن کا کچھ پتا نہ چل سکا۔ اس سلسلے میں پولیس مکمل طور پر بے بس نظر آنے لگی جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے میں واضع طور پر چور کو دیکھا جا سکتا ہے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔