دینہ میں چور متحرک، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر سے بجلی کا ٹرانسفارمر چوری

دینہ میں نامعلوم چور بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ جی ٹی روڈ پر لگے بجلی کے 2 ٹرانسفارمرز پول سے اتارنے کے بعد ایک ٹرانسفارمر سے لاکھوں روپے مالیت کی کوائل نکال کر لے گئے جبکہ دوسرے کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، علاقہ مکین بجلی کو لوڈشیڈنگ سمجھتے رہے صبح دیکھا تو ٹرانسفارمر بجلی کے پول سے غائب تھے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث چوروں نے جی ٹی روڈ پر لگے 2 نجی ٹرانسفارمرز پر حملہ کر دیا بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ جی ٹی روڈ الکوثر گارڈن کے باہر سے بجلی کے پول پر لگے 2 ٹرانسفارمر اتار لیے اور ایک ٹرانسفارمر سے لاکھوں روپے مالیت کی کوائل نکال کر لے گئے جبکہ دوسرے ٹرانسفارمر کو جی ٹی روڈ پر پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
علاقہ مکین بجلی کی لوڈشیڈنگ سمجھتے رہے صبح دیکھا کہ بجلی کے پول سے دونوں ٹرانسفارمر غائب تھے، لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ کسی عام بندے کا کام نہیں ہو سکتا اس کی انکوائری اعلی سطح پر کروائی جائے۔
یاد رہے کہ دینہ اور گردونواح میں درجنوں ٹرانسفارمر بجلی کے پول سے غائب ہو چکے ہیں جن کا ابھی تک کچھ پتہ نہ چل سکا، شہری بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سراپا احتجاج ہیں ۔