ضلع جہلم کے سکولوں میں یکم جون سے 14 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ

دینہ: محکمہ تعلیم پنجاب کا ضلع جہلم سمیت صوبہ بھر میں سرکاری تعلیمی اداروں میں یکم جون سے 14 اگست تک موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ، تمام تعلیمی ادارے 15 اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔
محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق چھٹیوں کا نوٹیفکیشن بھی آئندہ ہفتے جاری کر دیا جائے گا جس کیلئے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، 15 مئی کے بعد موسم کی صورتحال مانیٹر کی جائے گی اور گرمی کی شدت کے پیشِ نظر یکم جون سے سرکاری تعطیلات کردی جائیں گی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کہا کہ اس سال موسم گرما کی تعطیلات وقت پر شروع ہوں گی اور اس حوالے سے سمری منظوری کے لیے اگلے ہفتے وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی کو بھجوائی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال گرمیوں کی تعطیلات 6 جون کو شروع ہوئی تھیں اور 15 اگست کو ختم ہوئی تھیں۔