دینہ میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار

دینہ میں ڈکیتی کی بڑی واردات ، 5 نامعلوم مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہو کر اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر ایک کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے 60 تولے طلائی زیورات اور 4 لاکھ کی نقدی لوٹ کر باآسانی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب، ڈاکو ایک گھنٹے تک گھر میں لوٹ مار کرتے رہے، اطلا ع ملتے ہی ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ ، ڈی ایس پی میاں جبار ، ایس ایچ او تھانہ دینہ سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے 2 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے علاقہ ہڈالی میں ڈکیتی کی ایک اور بڑی واردات 5 نامعلوم مسلح ڈاکو قیوم گل ولد سخی خان کے گھر سر شام پونے سات بجے کے قریب داخل ہو گئے اور گھر کے اہل خانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر گھر میں لوٹ مار شروع کر دی جس سے ڈاکوؤں نے بڑی دلیری کے ساتھ ایک گھنٹے تک لوٹ مار کے بعد گھر میں پڑے ایک کروڑ 30 لاکھ رو پے مالیت کے 60تولے طلائی زیورات اور 4لاکھ کی نقدی لوٹ کر باآسانی کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈاکو گھر میں داخل ہو کر خود کو پولیس ملازم ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ہم انکوائری کے لیے آئے ہیں اور ساتھ ہی گھر میں موجود گھر کے سربراہ سخی محمد کو قابو کر لیا اور سب کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ ، ڈی ایس پی صدر میاں عبدالجبار ، ایس ایچ او تھانہ دینہ عمران عباس ،انچارج پولیس سٹی چوکی دینہ خضر حیات سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،ڈی پی او جہلم نے تمام معلومات کے بعد ڈی ایس پی صدر اور ڈی ایس پی آرگنائزر کرائم کی سربراہی میں 2ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
دینہ میں آئے روز ڈکیتیوں اور چوریوں کے باعث عوام کا جینا محال ہو گیا ، شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اعلی احکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔