نازیہ کوثر نے شہیدوں کی سرزمین پر ایس ایچ او بن کر ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔ بلال اظہر کیانی

0 96

دینہ: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے دینہ کے نواحی علاقے کوٹیام میں ایس ایچ او پولیس کمپلینٹ ہراسمنٹ سیل انسپکٹر نازیہ کوثر کے سوئم میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ نازیہ کوثر جہلم پولیس کی ایک فرض شناس آفیسر اور پہلی خاتون ایس ایچ او تھیں جو افسوسناک حادثہ میں جاں بحق ہوئیں۔ نازیہ کوثر کے انتقال پر پورے ملک کے عوام افسردہ ہیں۔ مرحومہ ہمارے ضلع کی شان اور مثال تھیں جنہوں نے شہیدوں کی سرزمین پر ایس ایچ او بن کر ایک اعلیٰ مثال قائم کی اور بچیوں کو ایک راہ دکھائی کہ خواتین کے لئے آگے بڑھنا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ نازیہ کوثر نے بیس سال سے زائد عرصہ تک اس ضلع کی خدمت کی، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نازیہ کوثر کے خاندان کی کفالت کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔


اس حوالے سے ڈی پی او اور ضلعی انتظامیہ سے بات ہوئی ہے، ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پولیس کے رولز اینڈ ریگولیشنز کے تحت مرحومہ کی فیملی کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ ان کی بقیہ سروس کی تنخواہ، پنشن اور دیگر مراعات ان کی فیملی کو مل سکیں۔ اس ضمن میں پولیس فورس کے قواعد کے تحت ایک کیس تیار کیا جا رہا ہے جو منظوری کے لئے لاہور بھیجوایا جائے گا۔ ڈی پی او سمیت پولیس کی ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نازیہ کوثر کے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.