رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ سید وقاص شاہ

0 65

دینہ: مفتی پیر سید وقاص شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس ماہ مقدس میں روزہ و عبادت کے ذریعے خدا وند تعالیٰ کو راضی کرلیا اور گناہوں کی بخشش کروالی۔

مفتی پیر سید وقاص شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مبارک کا پہلا عشرہ مغفرت کا ہے جس میں اللہ کے بہت سے بندوں کی مغفرت ہو جاتی ہے جبکہ دوسرا عشرہ رحمت کا ہے،جس میں رحمت خداوندی کی موسلادھار بارش ہوتی ہے اور گناہ گاروں کے گناہ رحمت کے سیلاب میں خس وخاشاک کی طرح بہہ جاتے ہیں،جبکہ تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے کچھ بندگان خدا کو آخری عشرے میں جہنم سے آزادی کا پروانہ دیاجاتا ہے اور انکا نام جہنمیوں کے زمرے سے نکال کر جنتیوں کے زمرے میں شامل کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کامہینہ اللہ تعالیٰ کے جانب سے مسلمانوں پر بڑا انعام ہے اور یہ ماہ مقدس ہمیں اس لئے دیا گیا ہے تاکہ ہم اس میں نیکیوں سے مالامال ہوجائیں اور تقویٰ کی دولت سے آراستہ و پیراستہ ہوجائیں، اللہ تعالی کو محض اہل ایمان کو بھوکا اور پیاسا رکھنا ہی مطلوب نہیں بلکہ روزہ اس چیز کا نام ہے کہ ہر چیز سے توجہ ختم کرکے کامل طور پر اللہ کی طرف ہی متوجہ ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ زبان، کان اور شرمگاہ کی حفاظت سے روزہ کی حفاظت کی جائے،روزہ کی کیفیت میں انسان بھوک اور پیاس کی تکلیف برداشت کرکے اپنی خواہشات پر قابو پانے اور اللہ کے احکامات کا پابند بنانے کی کوشش کرتا ہے، یہ تربیت اسی لیے تو ہے کہ انسان صبر و استقامت کے ساتھ آگے بڑھ سکے اور اس راستہ میں درپیش تکالیف و مصائب کا پامردی کے ساتھ مقابلہ کر سکے۔

آخر میں مفتی پیر سید وقاص شاہ نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کے روزے رکھنے، تراویح پڑھنے، قرآنِ پاک کی کثرت سے تلاوت کرنے، درود وسلام کو زبانوں پر سجانے، صدقہ وخیرات کرنے، مستحقین کے ساتھ تعاون کرنے اور اس مہینے میں تمام عبادات احسن طریقہ سے انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمیں رمضان المبارک کی رحمتیں، بخششیں نصیب ہوجائیں اور اللہ کریم نبی رحمت اور رمضان کریم کی رحمتوں کی بدولت تمام آفات وبلیات سے حفظ وامان عطا فرمائے، اللہ کریم اسلام کو سربلندی عطا فرمائے اور امت مسلمہ کو صراط مستقیم پر گامزن فرمائے۔آمین

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.