دینہ: پاکستانی نژاد برطانوی شہری سمیت 2 افراد کو قتل اور 1 شخص کو زخمی کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

0 132

دینہ کے نواحی علاقہ میں پاکستانی نژاد برطانوی سمیت 2 افراد کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ منگلا نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دینہ کے نواحی علاقہ کرلہ میں دوہرے قتل اور ایک شہری کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں مطلوب مرکزی ملزم احسان کیانی کو 4 دن میں گرفتار کر لیا، ملزم کی شناخت احسان کیانی کے نام سے ہوئی۔

وقوعہ کے روز اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے خود موقع کا وزٹ کیا اور ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ ملک نثار کو مرکزی ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا ، ملزم نے 4روز قبل دینہ کے نواحی علاقہ کرلاں میں فائرنگ کر کے محمد قیوم اور شفاعت علی کو قتل جبکہ قیصر محمود کو زخمی کر دیا تھا ، شفاعت علی پاکستانی نژاد برطانوی تھا جو کافی عرصے بعد پاکستان واپس آیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ ملزم نے عمرہ کے بہانے بیرون ملک فرار ہونے کے لیے پاسپورٹ بھی بنوا رکھا تھا تاہم ایس ایچ او تھانہ منگلا ملک نثار اور ان کی ٹیم نے جدیدسائنٹیفک طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزم کی گرفتاری انصاف کی فراہمی میں اہم سنگ میل ہے، ڈی پی او جہلم نے ایس ایچ او ملک نثار اور ٹیم کو شاباش دی جبکہ نقد انعام دس دس ہزار روپے اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا۔

اپنی رائے دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.