ضلع جہلم میں پی ٹی آئی ورکز کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، 22 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتار

دینہ: ضلع جہلم میں پی ٹی آئی ورکز کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، 22 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتار، متعدد رہنما اور کارکن روپوش ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے متحرک اور سر گرم کارکنان کی پکڑ دھکڑ نے اب ضلع جہلم کا رخ کر لیا ہے، رات گئے پی ٹی آئی کے راہنما سابق چیئرمین چودھری قربان حسین اور چودھری عبدالرفیق آف کنتریلی کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا گیا، چودھری قربان حسین اپنے گھر کنتریلی اور چودھری عبدالرفیق کو سٹی ہاؤسنگ جہلم سے گرفتار کیا گیا۔
دینہ سے تحریک انصاف کے سرگرم رہنما انوار الحق مغل اور وسیم خان کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان بٹ ، عاطف بٹ، علی بٹ سمیت دیگر رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے مگر پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے۔
پنڈدانخان سے چوہدری زبیر گادی خواجہ صابر حسین مٹھو نوید بٹ جمہ خان بلوچ اسد بخاری ڈھیری پیراں سے مہر احسان گرفتار ہو گئے ہیں۔ جہلم سے وسیم خان جبکہ مہر سعید کے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ضلع جہلم سے اب تک 22 سے زائد رہنما اور کارکن 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کئے جا چکے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال پی ٹی آئی کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔