توشہ خانہ ریکارڈ؛ فواد چوہدری نے ن لیگ اور مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا

دینہ: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حلقہ پی پی 25 جہلم 1 کے لیے کاغذات نامزدگی اسسٹنٹ کمشنر دینہ کے آفس میں جمع کروا دیئے، فواد چوہدری بہت بڑے قافلے کی صورت میں پہنچے جہاں کارکنوں کی کثیر تعداد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے توشہ خانہ ریکارڈ منظر عام پر آنے کے بعد جہلم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے مرسڈیز اور مریم نواز نے توشہ خانہ سے گھڑی نکالی، مریم نواز نے توشہ خانہ سے 2 کروڑ کی گھڑی 10 لاکھ میں لی، توشہ خانہ کو ان لوگوں نے باپ کا مال سمجھا۔
فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ نون لیگ اور مریم نواز عمران خان اور بشریٰ بیگم سے معافی مانگیں، مریم نواز نے توشہ خانہ جس طرح لوٹا اس کی مثال نہیں ملتی خیال رہے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کرنے والوں میں شریف خاندان نمبر ون پر ہے، 2008 میں وزیراعظم نوازشریف نے توشہ خانے سے قیمتی گاڑی لی، گاڑی کی قیمت 42 لاکھ 55 ہزار تھی، جو نوازشریف نے 6 لاکھ 36ہزار دے کر اپنے نام کرلی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے جاری توشہ خانہ ریکارڈ کے مطابق نوازشریف نے ساڑھے 43 لاکھ کا کارپٹ اور چارنقرئی گلاس 6 ہزار 700میں خریدے جبکہ 8 ہزار کا گلدان مفت میں لیا نوازشریف کو 2016 میں 3 کروڑ81 لاکھ تحائف ملے جو 76 لاکھ دے کر گھر لے گئے، نوازشریف کو 2016 میں ہی ایک کروڑ 62لاکھ کے تحائف ملے جو 33لاکھ میں خرید لیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز توشہ خانے سے کچن کے مصالحے اور چمچے تک لے گئی‘ توشہ خانہ رپورٹ شریف فیملی اور زرداری فیملی کی دن دیہاڑے ڈکیتی ہے، مریم نواز نے تو کچھ بھی نہ چھوڑا اور توشہ خانے سے کچن کے مصالحے اور چمچے تک ساتھ لے گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کیخلاف 15 ماہ کے دوران اربوں روپے کے اشتہار دیئے گئے، نون لیگ کو اب عمران خان اور بشریٰ بی بی سے معافی مانگنی چاہیے اور توبہ کرنی چاہیے کہ وہ اب ایسے کاموں میں ملوث نہیں ہوں گے۔ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ظل شاہ کا بہیمانہ قتل کیا گیا اور ہمیں آواز اٹھانے پر مقدمات درج کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کراچی سے پی ٹی آئی رہنما ارسلان تاج کو اغوا کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کارکنان کو دبا کر ظلم اور دہشت کی ایک فضا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب ہم الیکشن کے لیے پوری طرح متحرک ہوچکے ہیں تو دوسری طرف نون لیگ کی سیاست پر بین ڈالنے والے سب اکٹھے ہو چکے ہیں ہم پاکستان میں اب نظام بدل کر حالات کو بدلیں گے. فواد چوہدری نے کہا کہ جن کی کوئی سیاست نہیں وہ عوام پر جبر اور ظلم سے حکومت کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان پر اب تک 82 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں جب کہ رات مجھ پر ساتویں ایف آئی آر کاٹی گئی ہے ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے یہ ووٹ کے ذریعے مقابلہ نہیں کرسکتے اگر یہ سیاسی لوگ ہیں تو میدان سیاست میں آکر مقابلہ کریں.
فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی کے دوران سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین ، ضلعی صدر تحریک انصاف چوہدری غلام زمرد ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین ،چوہدری فوق شیرباز، چوہدری فراز، مرزا جمشید اشرف ، چوہدری محمد انور ، انوار الحق مغل ، امجد ٹیپو کیانی ، چوہدری محمد ضمیر ، حاجی ادریز اختر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
منگلا روڈ پر فواد چوہدری کا جگہ جگہ استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور ، فواد آیا سواد آیا کے نعرے ، فواد چوہدری کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔