سالانہ آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ، ایف جی کالج منگلا اور پشاور کے درمیان زبردست مقابلہ

دینہ: ایف جی انٹر کالج منگلا کینٹ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کے مقابلہ جات میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایف جی ڈگری کالج کھاریاں کینٹ میں سالانہ آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا جبکہ فائنل میچ ایف جی انٹر کالج منگلا کینٹ اور ایف جی ڈگری کالج پشاور کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب کھیل پیش کیا۔
مقابلے کے بعد ڈگری کالج پشاور نے فائنل میچ جیت لیا، فائنل مقابلہ دیکھنے کے لئے خصوصی دعوت پر فٹ بال کے مایہ ناز کھلاڑی اور علاقہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت صدر پی ٹی آئی تحصیل دینہ چوہدری خالد حسین نے شرکت کی۔
اس موقع پر پروفیسر شیر دل ملک اور پروفیسر شاہد رضا پرنسپل ایف جی انٹر کالج منگلا کینٹ اور سپورٹس انچارج جواد احمد بھی موجود تھے۔ فائنل مقابلہ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں چیف گیسٹ جی او سی نے انعامات تقسیم کیے۔
یاد رہے کہ عرصہ 35 سال بعد ایف جی انٹر کالج کی ٹیم فٹ بال کے فائنل میں پہنچی، اس سے قبل چوہدری خالد حسین اپنے کالج دور میں دو سال فٹ بال ٹیم کے کپتان رہے اور دو سال ہی فائنل میچ جیت کر ٹرافی اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔