ریسکیو 1122 جہلم کی سالانہ تقریب، ریسکیورز میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں

ریسکیو 1122 جہلم کی سالانہ تقریب مقامی میرج ہال جی ٹی روڈ جہلم میں منعقد ہوئی جس میں سال 2022 میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق تھے۔ ان کے علاوہ جہلم کی معروف ادبی و علمی شخصیت بابا جی عرفان الحق، ڈسٹرک اٹارنی رانا خالد، ریجنل ایمرجنسی آفیسر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چکوال ڈاکٹر عتیق احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر گجرات انجینئر عمر گھمن سمیت سماجی اداروں کے کارکنوں اور محکمانہ افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تمام ریسکیورز کی حوصلہ افزائی کی اور اسی جذبے اور شوق سے فرائض کو ادا کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو مبارکباد دی اور ان میں اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔
ضلع جہلم کی معروف ادبی و علمی شخصیت بابا جی عرفان الحق نے ریسکیورز اور دیگر شرکاء کو دل جمعی اور پوری لگن اور ایمان داری کے ساتھ پیشہ وارانہ انداز میں کام کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر کمپیوٹر ٹیلی فون آپریٹر سے جونیئر کمپیوٹر آپریٹر اپ گریڈ ہونے والے ریسکیورز کو رینکس بھی لگائے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس موقع پر عوام کو پیغام دیا کہ ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے، ریسکیو 1122 جہلم مستقبل میں بھی اس جوش و جذبے کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔